یوم پیدائش 24 دسمبر 1948
اس کو نہ خیال آئے تو ہم منہ سے کہیں کیا
وہ بھی تو ملے ہم سے ہمیں اس سے ملیں کیا
لشکر کو بچائیں گی یہ دو چار صفیں کیا
اور ان میں بھی ہر شخص یہ کہتا ہے ہمیں کیا
یہ تو سبھی کہتے ہیں کوئی فکر نہ کرنا
یہ کوئی بتاتا نہیں ہم کو کہ کریں کیا
گھر سے تو چلے آتے ہیں بازار کی جانب
بازار میں یہ سوچتے پھرتے ہیں کہ لیں کیا
آنکھوں کو کئے بند پڑے رہتے ہیں ہم لوگ
اس پر بھی تو خوابوں سے ہیں محروم کریں کیا
دو چار نہیں سینکڑوں شعر اس پہ کہے ہیں
اس پر بھی وہ سمجھے نہ تو قدموں پہ جھکیں کیا
جسمانی تعلق پہ یہ شرمندگی کیسی
آپس میں بدن کچھ بھی کریں اس سے ہمیں کیا
خوابوں سے بھی ملتے نہیں حالات کے ڈر سے
ماتھے سے بڑی ہو گئیں یارو شکنیں کیا
شجاع خاور
No comments:
Post a Comment