آرزو کے سراب
اُسی نیم شب کے سکوت میں
وہی چاپ تھی وہی آہٹیں
وہ رُکی رُکی سی ہوائےشب
وہ تھمی تھمی سی تھیں دھڑکنیں
وہی عشقِ پیچاں کی بیل تھی
مری کھڑکیوں پہ جھکی ہوئی
وہی بام و در وہی راستے
وہی موڑ تھا وہی بے بسی
وہی ڈھلتے چاند کی چاندنی
وہی دُکھتے سانس کے روگ تھے
وہی خواہشیں وہی زندگی
وہی سارے غم وہی سوگ تھے
وہی آنکھ تھی وہی رتجگے
وہی راکھ راکھ سے خواب تھے
وہی فاصلوں کی رداء رہی
وہی آبلوں کے عذاب تھے
وہی طاقچوں میں دھری ہوئی
مری آس تھی مرے خواب تھے
وہی عشقِ پیچاں کی بیل ہے
وہی اَدھ جلے سے گلاب ہیں
انھیں طاقچوں میں دھری ہوئی
مری آس ہے مرے خواب ہیں
وہی دھوپ ہے وہی دشتِ جاں
وہی آرزو کے سراب ہیں
شاھین کاظمی
No comments:
Post a Comment