Urdu Deccan

Friday, November 12, 2021

اختر الایمان

 یوم پیدائش 12 نومبر 1915


کس کی یاد چمک اٹھی ہے دھندلے خاکے ہوئے اجاگر

یونہی چند پرانی قبریں کھود رہا ہوں تنہا بیٹھا


کہیں کسی کا ماس نہ ہڈی کہیں کسی کا روپ نہ چھایا

کچھ کتبوں پر دھندلے دھندلے نام کھدے ہیں میں جیون بھر


ان کتبوں ان قبروں ہی کو اپنے من کا بھید بنا کر

مستقبل اور حال کو چھوڑے، دکھ سکھ سب میں لیے پھرا ہوں


ماضی کی گھنگھور گھٹا میں چپکا بیٹھا سوچ رہا ہوں

کس کی یاد چمک اٹھی ہے، دھندلے خاکے ہوئے اجاگر؟


بیٹھا قبریں کھود رہا ہوں، ہوک سی بن کر ایک اک مورت

درد سا بن کر ایک اک سایا، جاگ رہے ہیں دور کہیں سے


آوازیں سی کچھ آتی ہیں، ''گزرے تھے اک بار یہیں سے''

حیرت بن کر دیکھ رہی ہے، ہر جانی پہچانی صورت


گویا جھوٹ ہیں یہ آوازیں، کوئی میل نہ تھا ان سب سے

جن کا پیار کسی کے دل میں اپنے گھاؤ چھوڑ گیا ہے


جن کا پیار کسی کے دل سے سارے رشتے توڑ گیا ہے

اور وہ پاگل ان رشتوں کو بیٹھا جوڑ رہا ہے کب سے


اختر الایمان


No comments:

Post a Comment

محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...