Urdu Deccan

Wednesday, November 23, 2022

حاجی لق لق

یوم پیدائش 14 نومبر 1897
نظم آمدنی اور خرچ 

کرایہ مکاں کا ادا کرنے جاؤں 
کہ بزاز و خیاط کا بل چکاؤں 
دوا لاؤں یا ڈاکٹر کو بلاؤں 
کہ میں ٹیکس والوں سے پیچھا چھڑاؤں 
خدارا بتاؤ کہاں بھاگ جاؤں 
میں اس ڈیڑھ آنے میں کیا کیا بناؤں 
بہت بڑھ گیا ہے مکاں کا کرایہ 
ادھر نل کے آب رواں کا کرایہ 
بقایا ہے 'برق تپاں' کا کرایہ 
زمیں پر ہے اب آسماں کا کرایہ 

ہے بچوں کی فیس اور چندہ ضروری 
کتب کاپیوں کا پلندہ ضروری 
شکم پروری کا ہے دھندہ ضروری 
یہ آدم کی ایجاد بندہ ضروری 
بلا کے مصارف ہیں کیا تاب لاؤں 
میں اس ڈیڑھ آنے میں کیا کیا بناؤں 
عزیزوں کی امداد مہماں نوازی 
غریبوں کو خیرات احساں طرازی 
خوراک اور پوشاک میں دنیا سازی 
ادھر فلم کا شوق اور ادھر عشق بازی 
ضروری یہاں سگریٹ اور پان بھی ہے 
عدالت میں جانے کا امکان بھی ہے 
ہے بھنگی بھی دھوبی بھی دربان بھی ہے 
اور اک ساڑی والے کی دوکان بھی ہے 
کہاں جاؤں کس کس سے پیچھا چھڑاؤں 
میں اس ڈیڑھ آنے میں کیا کیا بناؤں 
ہیں میلے بھی اسلامی تہوار بھی ہیں 
ہم ایسے مواقع پہ خوددار بھی ہیں 
بہت خرچ کرنے کو تیار بھی ہیں 
بلا سے جو بے برگ و بے بار بھی ہیں 
کسے داستان مصارف سناؤں 
میں اس ڈیڑھ آنے میں کیا کیا بناؤں

حاجی لق لق



No comments:

Post a Comment

محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...