نسخہِ درد کی تالیف نہیں ہوسکتی
ہائے اس باب میں تخفیف نہیں ہوسکتی
عدل و انصاف مرا دِیں ہے ،لہٰذا مجھ سے
منظرِ ظلم کی تعریف نہیں ہوسکتی
نفرتوں میں کبھی ترمیم تو ہوسکتی ہے
الفتوں میں کبھی تحریف نہیں ہوسکتی
رہنے دیجیے یہ وفا ، آپ کو معلوم تو ہے
اس قدر آپ سے تکلیف نہیں ہوسکتی
کیوں بھلا آپ جُنوں وقفِ قلم کرتے ہیں؟
یہ کتاب آپ سے تصنیف نہیں ہوسکتی
ہائے وہ لفظ خزانے جو لٹائے تم پر
اب کسی اور کی توصیف نہیں ہو سکتی
No comments:
Post a Comment