Urdu Deccan

Friday, February 24, 2023

معراج بنارسی

یوم پیدائش 03 فروری 1960

بسا دے سینے میں ایسی یارب ولائے خیرالوراﷺ کی خوشبو
نفس نفس سے اٹھے ہماری نبیﷺ کے عشق و وفا کی خوشبو

وہی ہیں تحت الثری کی نکہت وہی ہیں عرش علیٰ کی خوشبو
انہیں کے صدقے مہک رہی ہے تمام ارض و سما کی خوشبو

زمین و افلاک و لامکاں ہو مقامِ سدرہ ہو یا جناں ہو
مہک رہی ہے تمام عالم میں سیدالانبیا کی خوشبو

اِنہیں پہ صدقے ہے صبحِ اول انہیں پہ قرباں ہے یومِ آخر
انہیں میں ہے ابتدا کی خوشبو اِنہیں میں ہے انتہا کی خوشبو

یہی وہ شاداب گل ہے جس میں بسی ہے بوئے نویدِ عیسی
اسی شگفتہ گلاب میں ہے خلیلِ حق کی دعا کی خوشبو

بنا ہے معراجؔ دل کا آنگن محبتِ مصطفیٰ کا گلشن
ہماری روحِ رواں پہ قربان ہے بہشتی ہوا کی خوشبو

معراج بنارسی



No comments:

Post a Comment

محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...