حسنِ رسولِ پاک کے مظہر ہیں مرتضی
سرکارﷺ شہرِ علم ہیں اور در ہیں مرتضی
دینِ رسولِ پاک کے یاور ہیں مرتضی
شیر خدا ہیں فاتحِ خیبر ہیں مرتضی
تاریکیوں میں مہرِ درخشاں ہے انکی ذات
کفار ! کے کلیجوں پہ نشتر ہیں مرتضی
شیرِخدا کی شان سمجھنا محال ہے
دنیا تیرے گمان سے بڑھ کر ہیں مرتضی
طوفان اُس کےسامنے رہتے ہیں سر نگوں
جس کشتیِ حیات کے رہبر ہیں مرتضی
عشقِ خدا کے نور سے روشن ہیں سر بسر
عکسِ جمالِ سید و سرور ہیں مرتضی
احمد ازل سے خادم آل رسول ہوں
صد شکر میری روح کے اندر ہیں مرتضی
No comments:
Post a Comment