Urdu Deccan

Friday, April 23, 2021

ہری چند اختر

 یوم پیدائش 15 اپریل 1900


ملے گی شیخ کو جنت، ہمیں دوزخ عطا ہوگا

بس اتنی بات ہے جس کے لیے محشر بپا ہوگا


رہے دو دو فرشتے ساتھ اب انصاف کیا ہوگا

کسی نے کچھ لکھا ہوگا کسی نے کچھ لکھا ہوگا


بروز حشر حاکم قادر مطلق خدا ہوگا

فرشتوں کے لکھے اور شیخ کی باتوں سے کیا ہوگا


تری دنیا میں صبر و شکر سے ہم نے بسر کر لی

تری دنیا سے بڑھ کر بھی ترے دوزخ میں کیا ہوگا


سکون مستقل دل بے تمنا شیخ کی صحبت

یہ جنت ہے تو اس جنت سے دوزخ کیا برا ہوگا


مرے اشعار پر خاموش ہے جز بز نہیں ہوتا

یہ واعظ واعظوں میں کچھ حقیقت آشنا ہوگا


بھروسہ کس قدر ہے تجھ کو اخترؔ اس کی رحمت پر

اگر وہ شیخ صاحب کا خدا نکلا تو کیا ہوگا


ہری چند اختر


No comments:

Post a Comment

محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...