Urdu Deccan

Friday, November 12, 2021

ریاض حسین چوہدری

 یوم پیدائش 08 نومبر 1941


یا نبیؐ اپنی غلامی کی مجھے دستار دیں

کربلائے عَصرِ نو میں سایۂ دیوار دیں


زرفشاں لمحات کی برسات میں بھیگے نظر

اپنے شاعر کو، رسولِ محتشمؐ، دیدار دیں


سیلِ تند و تیز کے سر کش تھپیڑوں سے نجات

بارشوں میں عافیت کی کشتیاں سرکارؐ دیں


راستے گم ہیں جہالت کے اندھیروں میں، حضورؐ

علم کی زرخیز مٹی سے اٹے اشجار دیں


عشق میں ڈوبے ہوئے قلب و نظر کی روشنی

عشق کے گلزار میں مہکی ہوئی اقدار دیں


ہم جنہیں دعویٰ ہَے حُبِّ سیّدِ ساداتؐ کا

کاش بچّوں کو اجالوں سے لکھا کردار دیں


شہرِ طیبہ کی ہوائیں آج بھی پڑھ کر درود

ہر قدم پر قافلوں کو صبح کے آثار دیں


میری چشمِ التجا ہَے منتظر، آقا حضورؐ

گنبدِ خضرا کے لاکھوں سرمدی انوار دیں


سرد خانوں میں پڑی ہیں سوچ کی سب گٹھڑیاں

اُمّتِ ناداں کو آقاؐ، گرمٔی بازار دیں


جھوٹ پر مبنی کتابیں مکتبوں کا ہیں نصاب

امنِ عالم کے ’’خداؤں‘‘ کے نئے افکار دیں


شہرِ طیبہ کے گلی کوچوں کے بچّوں کو سلام

جان اپنی اِن کے قدموں پر خوشی سے وار دیں


مَیں نے جبریلِ امیں سے عرض یہ کی ہَے ریاضؔ

مجھ کو عشقِ مصطفیٰؐ میں جھومتے اشعار دیں


ریاض حسین چوہدری


No comments:

Post a Comment

محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...