یوم پیدائش 02 دسمبر 1962
ہے کون میرے سامنے روپوش کون ہے
گر تو نہیں تو مجھ سے ہم آغوش کون ہے
پوچھا نہیں ہے یہ بھی کسی راہگیر نے
یہ راہ میں پڑا ہوا بے ہوش کون ہے
پہچان میری یہ ہے کہ محفل میں دیکھنا
آواز کے ہجوم میں خاموش کون ہے
دریا کو ایک قطرہ سمجھ کر جو پی گیا
اس شہر میں یہ مجھ سا بلا نوش کون ہے
میں چیختا ہوں اور وہ سنتا نہیں مجھے
اس کی شبیہ میں یہ گراں گوش کون ہے
کس نے یہ میری چاندنی راتیں خراب کیں
ڈھانپا ہے چاند کس نے سیہ پوش کون ہے
یہ کون امتیاز محبت پرست ہے
یہ صاحبِ غبار تن و توش کون ہے
امتیازالحق امتیاز
No comments:
Post a Comment