یوم پیدائش 22 فروری
نعتِ رسولِ مقبول ﷺ
زیست، اسلام تھی ہو بہ ہو آپ کی
شرحِ قرآن تھی گفتگو آپ کی
آپ امن و اماں کے پیمبر رہے
تھی طبیعت بہت صلح جُو آپ کی
آپ شفقت، محبت سے پیش آتے تھے
رحمتوں سے مزیّن تھی خُو آپ کی
عمر ساری گزاری ہے یوں آپ نے
مدح کرتے تھے سارے عدُو آپ کی
راہِ حق پر سدا میری اُمّت چلے
تھی یہی عمر بھر آرزو آپ کی
دین کی روشنی آپ ہی سے ملی
بات پھیلی جبھی کُو بہ کُو آپ کی
زندگی اُس کی آسان ہوتی گئی
جس کے سیرت رہی رُو بہ رُو آپ کی
مل گئی روشنی پھر اُسی کو صفیؔ
جس کسی نے بھی کی جستجو آپ کی
عتیق الرحمٰن صفیؔ
No comments:
Post a Comment