Urdu Deccan

Tuesday, April 12, 2022

فیصل ندیم فیصل

 یوم پیدائش 06 اپریل 1983


آپ سے کس نے کہا دُکھ کی وضاحت کیجے

چھوڑئیے شکوے شکایات محبت کیجے


آپ کے چُھونے سے جی اُٹھیں گی سُوکھی شاخیں

ہم خزاں حال درختوں پہ عنایت کیجے


آنکھ سے دل کی طرف جاتے ہیں لاکھوں رستے

مشورہ مانیے آنکھوں کی حفاظت کیجے


اتنا آساں نہیں دریا کے مخالف چلنا

آپ دو چار برس اور ریاضت کیجے


جھوٹ دیمک ہے یہ ایمان کو کھا جائے گا

سخت لہجے میں مشیروں کو ہدایت کیجے


حق پرستی کا تقاضا تو یہی بنتا ہے

سچے لوگوں کی کُھلے عام حمایت کیجے


جستجو کیجیے اچھے کی مگر بہتر ہے

آپ موجود و میسر پہ قناعت کیجے


پیروی لازمی عنصر ہے ہدایت کے لیے

یہی بہتر ہے کہ چپ چاپ اطاعت کیجے


فلسفہ دین ہے اوروں کی بھلائی فیصل

جس قدر ہو سکے لوگوں سے رعایت کیجے


فیصل ندیم فیصل



No comments:

Post a Comment

محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...