Urdu Deccan

Wednesday, August 24, 2022

حیرت بدایونی

یوم پیدائش 24 اگست 1896

اگر ساقی تسلی بخش سمجھوتا نہیں ہوتا
تو پھر تشنہ لبوں کا جوش بھی ٹھنڈا نہیں ہوتا

جو خود مختارِ گلشن ہیں وہاں ایسا نہیں ہوتا
عَناِدل کی فغاں و آہ پر پہرا نہیں ہوتا

وفورِ عیش سے ہر چند مالا مال ہے لیکن
شعورِ عاشقی انسان میں پیدانہیں ہوتا

وفاداری کے دستورالعمل ہی کو بدل ڈالے
محبت میں کسی کم بخت سے اتنا نہیں ہوتا

جب آتا ہے تو پھر طوفان پر طوفان آتا ہے
نہیں ہوتا تو برسوں فتنہ بھی برپا نہیں ہوتا

غمِ دل سے گراں تر ہے غم ِدنیا ومافیہا
یہ غم پیدا کیا جاتا ہے خود پیدا نہیں ہوتا

تمہیں انصاف سے کہہ دو مسیحا ہو کہ قاتل ہو
کہ ہر بیمار ۔ مر جاتا تو ہے اچھا نہیں ہوتا

غموں کی کوئی حد بھی ہے کہاں تک سختیاں جھیلے
کسی کا دل ہو ۔ دل ہوتا ہے ، پتھر کا نہیں ہوتا

یہاں تفریقی شیخ و برہمن اچھی نہیں ساقی
یہاں کوئی کسی کے خون کا پیاسا نہیں ہوتا

وہ بھی اک پردہ تھاحیرت جسے تم جلوہ سمجھے ہو
جو آنکھوں کو نظر آجائے وہ جلوا نہیں ہوتا

حیرت بدایونی



No comments:

Post a Comment

محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...