روگ جب سے مجھے لگا دل کا
حال کتنا برا ہوا دل کا
جب کبھی خیر و شر پرکھنا ہو
دیکھ لیجے بس آئینہ دل کا
بس وہی کامیاب ہوتے ہیں
مانتے ہیں جو مشورہ دل کا
صرف آنکھوں کو بند کر لیجے
دیکھنا ہو جو معجزہ دل کا
دھڑکنوں پر گراں گزرتا ہے
یوں شب و روز جاگنا دل کا
ہار جاتے ہیں جیتنے والے
کیا عجب ہے یہ معرکہ دل کا
ہے یتیموں سی زندگی اپنی
رہنما جب سے مر گیا دل کا
No comments:
Post a Comment