رسول اللہ سے نسبت پے قسمت ناز کرتی ہے
در اقدس کے سجدوں پر عبادت ناز کرتی ہے
تمہاری ذات والا سے شرف ہے نسل آدم کو
تمہی وہ ہو کہ جس پر آدمیت ناز کرتی ہے
شرافت ہی شرافت تھی مکمل زندگی جس کی
اسی پر اب بھی دنیا شرافت ناز کرتی ہے
کہیں کیا اوس کی پاکی کے لئے الفاظ عاجز ہیں
کہ جس کے گھر کے لوگوں پر طہارت ناز کرتی ہے
تمہاری پاک سیرت نے دکھائے ہیں مقام ایسے
جہاں انسان پر انساں کی عظمت ناز کرتی ہے
میرے عصیاں نے دامن میرا باندھا اوس کے دامن سے
کہ جس کی ذات اقدس پر شفاعت ناز کرتی ہے
وہ دیکھو جمع ہیں سب انبیا میدان محشر میں
انہیں میں وہ بھی ہے جس پر رسالت ناز کرتی ہے
اک انساں اور پھر اتنے مکمل خد و خال اس کے
حسیں منہ تک رہے ہیں اور قدرت ناز کرتی ہے
مئے حب نبی کا کیف ہو جاتا ہے جب کاملؔ
محبت کرنے والے پر محبت ناز کرتی ہے
کامل شطاری
No comments:
Post a Comment