Urdu Deccan

Saturday, April 15, 2023

سعید افسر

یوم پیدائش 26 مارچ 1941

دھوپ کو گرم نہ کہہ سایۂ دیوار نہ دیکھ 
تجھ کو چلنا ہے تو پھر وقت کی رفتار نہ دیکھ 

میری فکروں سے الجھ مجھ کو سمجھنے کے لئے 
دور سے موج میں الجھی ہوئی پتوار نہ دیکھ 

ان کی روحوں کو پرکھ آدمی ہیں بھی یا نہیں 
صرف صورت پہ نہ جا جبہ و دستار نہ دیکھ 

اپنے آنگن ہی میں کر فکر نموئے گلشن 
کوئی جنت بھی اگر ہے پس دیوار نہ دیکھ 

ان دمکتے ہوئے لمحات کے جادو سے نکل 
وقت کی چال سمجھ شوخئ رفتار نہ دیکھ 

غم سے لڑنا ہے تو پھر غم زدہ صورت نہ بنا 
زندہ رہنا ہے تو مردوں کے یہ اطوار نہ دیکھ 

میرے نغمات کو تفریح کے کانوں سے نہ سن 
رقص کی پیاس ہے آنکھوں میں تو پیکار نہ دیکھ 

قدردانی کو مراتب کے ترازو میں نہ تول
کون افسرؔ ہوا یوسف کا خریدار نہ دیکھ

سعید افسر


 

No comments:

Post a Comment

محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...