Urdu Deccan

Monday, April 17, 2023

راحیل فاروق

یوم پیدائش 08 اپریل 1986

پختہ ہونے نہ دیا خام بھی رہنے نہ دیا 
عشق نے خاص تو کیا عام بھی رہنے نہ دیا 

ہائے رے گردش ایام کہ اب کے تو نے 
شکوۂ گردش ایام بھی رہنے نہ دیا 

کوئی کیوں آئے گا دوبارہ تری جنت میں 
دانہ بھی چھین لیا دام بھی رہنے نہ دیا 

عیش میں پہلے کہاں اپنی بسر ہوتی تھی 
یاد نے دو گھڑی آرام بھی رہنے نہ دیا 

دل کو آوارگیاں دور بہت چھوڑ آئیں 
ذکر خیر ایک طرف نام بھی رہنے نہ دیا 

وہی زنجیر ہے تیرے بھی گلے میں راحیلؔ 
جس نے سورج کو لب بام بھی رہنے نہ دیا

راحیل فاروق




 

No comments:

Post a Comment

محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...