Urdu Deccan

Wednesday, March 10, 2021

ایس ڈی عابد

 اُنہیں ہم حالِ دل اپنا بتا کر دیکھ لیتے ہیں 

چلیں ہم بھی مقدر آزما کر دیکھ لیتے ہیں 


وہ آئیں یا نہ آئیں منحصر ہے اُن کی مرضی پر 

انہیں ہم نے بُلانا ہے بُلا کر دیکھ لیتے ہیں 


گر ایسا ہو پلٹ آئیں کسی بھی وہ بہانے سے 

بہانہ ہی بنانا ہے بنا کر دیکھ لیتے ہیں 


کہاں طاقت ہے اپنے دل میں اُن کو بھول جانے کی 

یہ ممکن تو نہیں پھر بھی بُھلا کر دیکھ لیتے ہیں 


مکمل حق اُنہیں حاصل ہے ہم سے روٹھ جانے کا 

وہ مانیں یا نہ مانیں ہم منا کر دیکھ لیتے ہیں 


یہ ممکن تو نہیں ہر بار ہی اپنا خسارہ ہو

چلو اک بار پھر سے دل لگا کر دیکھ لیتے ہیں


سُنا ہے شاعری سے اُن کو رغبت ہو گئی عابدؔ 

اُنہیں اشعار چند اپنے سُنا کر دیکھ لیتے ہیں  


 ایس،ڈی،عابدؔ


No comments:

Post a Comment

محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...