اُس شخص ہی سے عشق دوبارہ کرو گے تم
تنکے کو یعنی پھر سے سہارا کرو گے تم
سوچو تو کیسے گزرے گی اب زندگی تمام
کیسے ہمارے بعد گزارا کرو گے تم
سگریٹ, اداسی, اشک, دکھن, ہجر اور غم
اِس سب کے ساتھ جینا گوارا کرو گے تم؟
دنیا سے کٹ کے جھیل پہ بیٹھو گے سارا دن
کنکر ہی پانیوں میں یوں مارا کرو گے تم
آسان بھی نہیں ہے مجھے بھول جانا یار
ان کوششوں میں روز ہی ہارا کرو گے تم
نقصان جو دلوں کا ہوا, اُس کی خیر ہے
لیکن جو زندگی کا خسارا کرو گے تم؟
رکّھے ہوئے ہیں لوگ یہاں جاں ہتھیلی پر
ہلکا سا صرف ایک اشارہ کرو گے تُم
ہر ایک چیز ہو گی وہاں آنسوؤں سے تر
جِن وادیوں میں ذکر ہمارا کرو گے تم
میں جانتا ہوں یاد تمھیں میری آئے گی
جب ٹہنیوں سے پھول اتارا کرو گے تُم

No comments:
Post a Comment