با ادب جن و بشر چاند ستارے ہوں گے
ہیں جہاں پر وہ ، حسیں چاند ستارے ہوں گے
تم کو دنیا کی نگاہوں میں ملے گی عزت
گیسوئے زیست اگر تم نے سنوارے ہوں گے
پھر نہ تنہائیاں تاکیں گی تمھاری جانب
اس کے ہو جاؤ اگر تم ، وہ تمھارے ہوں گے
دل کی دھڑکن تو کبھی روکے نہیں رک سکتی
جب تلک جاری نہیں ان کے اشارے ہوں گے
محوِ ماتم نظر آئیں گی یقیناً موجیں
حادثے جب بھی سمندر کے کنارے ہوں گے
نام ہے جن کا بسا دل میں ہمارے مخلصؔ
وقتِ مشکل میں وہی اپنے سہارے ہوں گے
احسان مخلص
No comments:
Post a Comment