مطمئن اس لئے جہان میں تھی
تیرے خوابوں کے سائبان میں تھی
جان نازک پہ بوجھ تھا اتنا
جیسے کونپل کوئی چٹان میں تھی
بن گئے شعلہ بال و پر میرے
اتنی شدت میری اڑان میں تھی
تو زمیں پر تلاشتا تھا مجھے
میں ستارا تھی آسمان میں تھی
اور قصے کا تو بنا کردار
میں کسی اور داستان میں تھی
مجھ سے شکرے بھی خوف کھاتے تھے
تیر تھی اور کڑی کمان میں تھی
لوگ رُک رُک کے دیکھتے تھے تجھے
جب جوانی تیری اُٹھان میں تھی
گم رہا تو کسی کی سوچوں میں
میں ہمیشہ تیرے گمان میں تھی
تو بھی معروف تھا قبیلے میں
میں بھی مشہور خاندان میں تھی
No comments:
Post a Comment