Urdu Deccan

Tuesday, July 27, 2021

عابده ارونی

 یوم پیدائش 25 جولائی 


ہم تیری محبت کا جو اقرار کریں گے

تا عمر کبھی اس سے نہ انکار کریں گے


یادوں کے نئے دیپ جلائے تری خاطر 

جب آۓ گا تُو راہوں کو گلزار کریں گے


بدلا نہ اصولوں کو نہ حالات کو بدلا

وہ آۓ تو جینا یہاں دشوار کریں گے


چہروں کو بھی دیکھو، کہ یہاں سب ہیں منافق

دھوکا کبھی دیں گے تو کبھی وار کریں گے


مخلص بھی بہت کم ہیں، زمانے میں اے صاحب! 

اور بات نبھانے کی تو دوچار کریں گے


الفت نہیں، الفت کے فقط دعوے بچے ہیں

جو کرتے ہیں الفت، وہ یہ اظہار کریں گے


وحشت سی مجھے ہوتی ہے دنیا سے ارونی! 

سب کھیل ہوس کا ہے، کہاں پیار کریں گے؟


 عابده ارونی


کاش قنوجی

 یوم پیدائش 25 جولائی


مرے خدا تو مجھے خود سے آشنا کر دے 

میں تیری یاد سے بھٹکوں مجھے فنا کر دے 


تمام عمر وہ میرے وصال کو ترسے 

تو اس کے دل کو جدائی سے آشنا کر دے 


وہ ہم کو دور سے دیکھے تڑپ کے رہ جائے 

ہمارے بیچ میں تو اتنا فاصلہ کر دے 


میں اس کے بعد سے تنہا ہوں ایک مدت سے 

کسی کو بھیج دے دنیا میں آسرا کر دے 


میں تیری یاد سے غافل نہ ہونے پاؤں کبھی 

تو اپنی ذات میں کچھ اتنا مبتلا کر دے 


بس ایک آخری خواہش ہے تیرے کاشفؔ کی 

تو اپنے پاس بلا لے اسے رہا کر دے 


کاش قنوجی


ڈاکٹر ولاء جمال العسیلی

 یوم پیدائش 25 جولائی 


کسی کا عشق مرے دل میں ہوگیا پیدا

صدا اسی کی ہر اک جا سنائی دیتی ہے


کیا ہے عشق نے آنکھوں کو اسقدر روشن

کہ روشنی سی ہر اک سو دکھائی دیتی ہے


یہ سچا پیار ہے ہاں سچا پیار ہے میرا

یہی صدا مجھے دل سے سنائی دیتی ہے


نہ میری روح نہ میرا بدن خلاف اس کے

کہ مجھ پہ اس کی حکومت دکھائی دیتی ہے


سلوک ایک سا کرتی نہیں ہے الفت بھی

ملن کسی کو کسی کو جدائی دیتی ہے


نہ فکر کیجئے اس کی ولاء یہ دنیا ہے

یہ نیکیوں کے صلے میں برائی دیتی ہے


ڈاکٹر ولاء جمال العسیلی


طاہر سعود کرتپوری

 اس طرح ہم ہیں کسی کے واسطے

وزن جیسے، شاعری کے واسطے


میری قسمت میں اسےلکھ اس طرح

فاطمہ ؓجیسے علی ؓ کے واسطے


اک پڑوسی رات بھر روتا رہا

اک پڑوسی کی خوشی کے واسطے


کچھ دنوں کا فقر و فاقہ اور غم

کیا بھلا اک جنتی کے واسطے


جس نے بخشےہیں ہمیں پیارےرسولؐ

ساری تعریفیں اسی کے واسطے


باپ کے پاؤں دبائے عمر بھر،

ماں کے چہرےکی خوشی کےواسطے


طاہر سعود کرتپوری


صبا تابش

 جیسے ہوں نقب کاری کے آلات مرے ہاتھ

دستک سے الجھتے رہے کل رات مرے ہاتھ


قدموں سے لپٹ جائے فرات آج بھی میرے

دجلہ کے کناروں سے کریں بات مرے ہاتھ


موسیقیِ باراں ہو کہ ہو بات تمہاری

لکھتے ہیں بڑے شوق سے نغمات مرے ہاتھ


ہے جس کا فسوں دہر کی ہر شے میں نمایاں

اس کے بھی رقم کرتے ہیں جذبات مرے ہاتھ


کرتی رہیں عباس ؓ کا گریہ مری آنکھیں

لکھتے رہیں زینب ؓ کی فتوحات مرے ہاتھ


ہیں پاک سبھی آلِ نبی رجس سے تابش

تطہیر سے آیا ہے یہ اثبات مرے ہاتھ


صبا تابش


انیتا سونی

 یوم پیدائش 07 جولائی 


زمانہ سنگ ہے فریاد آئینہ میری

غلط کہوں تو زباں چھین لے خدا میری


ترا قصور ہے اس میں نہ ہے خطا میری

تری زمیں پہ جو برسی نہیں گھٹا میری


جہاں سے ترک تعلق کیا تھا تو نے کبھی

کھڑی ہوئی ہے اسی موڑ پر وفا میری


تم اس لباس دریدہ پہ طنز کرتے ہو

اسی لباس میں محفوظ ہے حیا میری


اس اک خیال سے دل بیٹھ بیٹھ جاتا ہے

ڈبو نہ دے کہیں کشتی کو ناخدا میری


انیتاؔ اس کو نہ آنا تھا وہ نہیں آیا

بلا بلا کے اسے تھک گئی صدا میری


انیتا سونی


رضوان عارب لغاری

 تجھے میں خوابوں میں دیکھتا ہوں

کئی حجابوں میں دیکھتا ہوں


ہے رنگ دل اور لہو کا میرے

جو میں گلابوں میں دیکھتا ہوں


  مجھے جو تنہائی دے گیا ہے

اُسے عذابوں میں دیکھتا ہوں


منافقوں کے ہیں رنگ جتنے

وہ سب خطابوں میں دیکھتا ہوں


بہت پرندے ہیں چست لیکن 

ہنر عقابوں میں دیکھتا ہوں


جو دسترس میں نہیں ہے عارب

وہ اپنے خوابوں میں دیکھتا ہوں


رضوان عارب لغاری


امیتا پرسورام میتا

 زندگی اپنا سفر طے تو کرے گی لیکن

ہم سفر آپ جو ہوتے تو مزا اور ہی تھا


کعبہ و دیر میں اب ڈھونڈ رہی ہے دنیا

جو دل و جان میں بستا تھا خدا اور ہی تھا


اب یہ عالم ہے کہ دولت کا نشہ طاری ہے

جو کبھی عشق نے بخشا تھا نشہ اور ہی تھا


دور سے یوں ہی لگا تھا کہ بہت دوری ہے

جب قریب آئے تو جانا کہ گلا اور ہی تھا


میرے دل نے تو تجھے اور ہی دستک دی تھی

تو نے اے جان جو سمجھا جو سنا اور ہی تھا


امیتا پرسو رام میتا


اقبال شاہ

 یوم پیدائش 21 مارچ 1957


پرفتن جو شباب ہوتے ہیں

ناگہانی عذاب ہوتے ہیں


جن میں ٹوٹیں محبتوں کے گھڑے

وہ ستم گر چناب ہوتے ہیں


جو بھی سجتے ہیں تیرے جوڑے میں

وہ حسیں تر گلاب ہوتے ہیں 


بن ترے یہ رواں دواں دریا

درحقیت سراب ہوتے ہیں


تیرے پہلو میں بیٹھنے والے

لوگ عالی جناب ہوتے ہیں


اقبال شاہ


شازیہ نیازی

 یوم پیدائش 23 جولائی


بس ایک بار کہا نا نہیں بنا سکتی

میں روز روز بہانا نہیں بنا سکتی 


ترا خیال مری روٹیاں جلاتا ہے

میں اطمنان سے کھانا نہیں بنا سکتی


ضرور وہ کسی آسیب کی گرفت میں ہے

میں اس قدر تو دِوانہ نہیں بنا سکتی


سبھی کی تنگ خیالی نے گھر کو بانٹ دیا

اکیلی سوچ گھرانا نہیں بنا سکتی  


نئے نئے سے یہ انداز چبھ رہے ہیں مگر

میں تم کو پھر سے پرانا نہیں بنا سکتی 


شازیہ نیازی


محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...