یوم پیدائش 06 جون 1884
ایمان کی لغزش کا امکان ارے توبہ
بد چلنی میں زاہد کا چالان ارے توبہ
اٹھ کر تری چوکھٹ سے ہم اور چلے جائیں
انگلینڈ ارے توبہ جاپان ارے توبہ
ہے گود کے پالوں سے اب خوف دغا بازی
یہ اپنے ہی بھانجوں پر بہتان ارے توبہ
انسانوں کو دن دن بھر اب کھانا نہیں ملتا
مدت سے فروکش ہیں رمضان ارے توبہ
للہ خبر لیجے اب قلب شکستہ کی
گرتا ہے محبت کا دالان ارے توبہ
دامان تقدس پر داغوں کی فراوانی
اک مولوی کے گھر میں شیطان ارے توبہ
اب خیریتیں سر کری معلوم نہیں ہوتیں
گنجوں کو ہے ناخن کا ارمان ارے توبہ
مشرق پہ بھی نظریں ہیں مغرب پہ بھی نظریں ہیں
ظالم کے تخیل کی لمبان ارے توبہ
اے شوقؔ نہ کچھ کہئے حالت دل مضطر کی
ہوتا ہے مسیحا کو خفقان ارے توبہ
شوق بہرائچی
No comments:
Post a Comment