Urdu Deccan

Sunday, December 25, 2022

عبداللہ ناظر

یوم پیدائش 23 دسمبر 1932

کر لیا تھا مرگِ قبل از مرگ نے مائل مجھے
لے چلی ہے موجِ طوفاں جانبِ ساحل مجھے

آسرا دے اے شعورِ سعیِ لاحاصل مجھے
وجہِ سرگرمی ہے وہمِ دوری منزل مجھے

جلوۂ جاناں سے کب دیکھا گیا غافل مجھے
سایۂ ابرِ رواں تھا پردۂ محمل مجھے

کیا ستم ڈھایا ترا گرنا مری آغوش میں
تجھ کو قاتل کہنے والے کہہ پڑے قاتل مجھے

شمعِ بزمِ بیخودی اک آس تھی سو بجھ گئی
ظلمتِ تنہائی میں اب چھوڑ دے اے دل مجھے

اپنے گیسوئے پریشاں کی طرح برہم نہ ہو
صدمۂ یک جنبشِ لب ہو گیا مشکل مجھے

یوں تو حیراں ہے زمانہ رقصِ بسمل دیکھ کر
"بڑھ کے سینے سے نہ لپٹا لے مرا قاتل مجھے "

روز صبح و شام خنداں ہیں مزاجِ حال پر
دور کرتا جا رہا ہے میرا مستقبل مجھے

شوقِ اظہارِ تمنا پھر اجاگر ہو گیا
پھر کوئی آواز دیتا ہے سرِ محفل مجھے

جوئے خوں نے رکھ لیا ناظرؔ کی آنکھوں کا بھرم
جانِ جاں تم نے تو سمجھا پیار کے قابل مجھے

عبداللہ ناظر



No comments:

Post a Comment

محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...