یوم پیدائش 04 جون 1942
کتنے زیادہ ہم ہیں پریشان دیکھنا
دل کا معاملہ ہے میری جان دیکھنا
اتنے زیادہ صاحبِ ایمان ہیں کہ اب
مشکل ہوا ہے صاحب ایمان دیکھنا
یہ وحشتیں ہمارا کوئی مشغلہ نہ تھیں
اب بن گیا ہے شوق یہ طوفان دیکھنا
دنیا کا ہو سفر یا مسافت عدم کی ہو
بھاری نہ ساتھ ہو کوئی سامان دیکھنا
تم ہی کہو کہ کیا یہ خدا کو پسند ہے
یوں آدمی کو بے سروسامان دیکھنا
جس کے لئے بنائی تھی یہ ساری کائنات
کس حال میں ہے وہ یہاں انسان دیکھنا
یہ زندگی کے جتنے نشیب و فراز ہیں
لگتا ہے ان کو دور سے آسان دیکھنا
اس زندگی کے بارے میں کیا کچھ نہیں کہا
فرصت کبھی ملے میرا دیوان دیکھنا
لکھی ہے میں نے شوق سے یہ داستانِ عشق
تُم اس کا کوئی اچھا سا عنوان دیکھنا
کچھ ایسا کاروبار ہے کہتے ہیں جس کو عشق
ہے کُفر اس میں نفع و نقصان دیکھنا
اسؔلم کسی طرح بھی یہ مردانگی نہیں
ہر زندگی کا راستہ آسان دیکھنا