Urdu Deccan

Friday, April 29, 2022

ڈاکٹر گلِ رعنا

 یوم پیدائش 30 اپریل 1985


میں نے جب بھی کیا تذکرہ آپ کا

خواب میں دیکھا وجۂ ضیاء آپ کا


چاند کی سمت جب بھی اٹھائی نظر

آگیا ذہن میں معجزہ آپ کا


جس کو یوسف ہے کہتا یہ سارا جہاں

وہ بھی ہے عاشقِِ با صفا آپ کا


میں تو مایوس ہونے لگی تھی مگر

آسرا حشر میں مل گیا آپ کا


ہم کریں نا کریں فرق پڑتا ہے کیا

ذکر کرتا ہے جب خود خدا آپ کا


پڑھ کے کلمہ وہ حق آشنا ہوگیا

جس بشر سے ہوا رابطہ آپ کا


خاکِی انسان سے کیا تقابل بھلا

نور ہی نور ہے سلسلہ آپ کا


آپ رعنا تو نبیوں کے سردار ہیں

جانتا ہے جہاں مرتبہ آپ کا


ڈاکٹر گلِ رعنا



طاہر کنول نعمانی

 یوم وفات 30 اپریل 2021


ہے تمنا یہی نعت لکھتا رہوں نعت پڑھتا رہوں

یا نبی آپ کی نعت لکھتا رہوں نعت پڑھتا رہوں


صبح سے شام تک شام سے رات تک رات سے صبح تک 

مشغلہ ہو یہی نعت لکھتا رہوں نعت پڑھتا رہوں


کوئی لکّھے غزل نظم پر زور دے یا رباعی کہے 

میں تو یا سیدی ! نعت لکھتا رہوں نعت پڑھتا رہوں


ہر طرف نور ہو صاف ہو قلب بھی روح مسرور ہو 

اپنے سرکار کی نعت لکھتا رہوں نعت پڑھتا رہوں 


آرزو ہے یہی میری آنکھوں میں بس اُن کا روضہ رہے 

اے کنول! میں یونہی نعت لکھتا رہوں نعت پڑھتا رہوں 


طاہر کنول نعمانی



عظیم امروہوی

 یوم پیدائش 29 اپریل 1945


انبیاء جتنے ہیں ان کا مرتبہ کچھ اور ہے

عظمتِ حضرت محمد مصطفےؐ کچھ اور ہے


نیل کے پانی میں جو رستہ بنا کچھ اور ہے 

آسمانوں سے جو گزرا راستہ کچھ اور ہے 


چاند ہے سورج ہے تارا ہے نہ ہے کوئی چراغ

آمنہ کے گھر میں یہ جلوہ نما کچھ اور ہے 


ہوگی جنت بھی تری معبود کافی پُر فضا

میری نظروں میں مدینے کی فضا کچھ اور ہے


تھا خدا مطلوب موسیٰؐ کو تو پہنچے طور پر

جس کو بلوایا وہ محبوب خدا کچھ اور ہے


کوئی گزرے گا فلک سے چاند بھی آج خوش

اور تاروں کے چمکنے کی ادا کچھ اور ہے


ہیں محمدؐ تو مدینہ علم کا حیدر ؓ ہیں در

ماسوا حیدر ؓ کہیں سے راستہ کچھ اور ہے


شاعری کا لطف ہر صنف سخن میں ہے عظیم

نعت کہنے کا حقیقت میں مزا کچھ اور ہے 


عظیم امروہوی



مبارک عظیم آبادی

 یوم پیدائش 29 اپریل 1849


درد دل یار رہا درد سے یاری نہ گئی

زندگی ہم سے تو بے لطف گزاری نہ گئی


دن کے نالے نہ گئے رات کی زاری نہ گئی

نہ گئی دل سے کبھی یاد تمہاری نہ گئی


ہم تو خوں گشتہ تمناؤں کے ماتم میں رہے

سینہ کوبی نہ گئی سینہ فگاری نہ گئی


انتظار آپ کا کب لطف سے خالی نکلا

رائیگاں رات کسی روز ہماری نہ گئی


بخشوایا مجھے تم نے تو خدا نے بخشا

نہ گئی روز جزا بات تمہاری نہ گئی


لوگ کہتے ہیں بدلتا ہے زمانہ لیکن

دن ہمارا نہ گیا رات ہماری نہ گئی


مبارک عظیم آبادی



اجے سحاب

 یوم پیدائش 29 اپریل 1969


جب بھی ملتے ہیں تو جینے کی دعا دیتے ہیں

جانے کس بات کی وہ ہم کو سزا دیتے ہیں


حادثے جان تو لیتے ہیں مگر سچ یہ ہے

حادثے ہی ہمیں جینا بھی سکھا دیتے ہیں


رات آئی تو تڑپتے ہیں چراغوں کے لیے

صبح ہوتے ہی جنہیں لوگ بجھا دیتے ہیں


ہوش میں ہو کے بھی ساقی کا بھرم رکھنے کو

لڑکھڑانے کی ہم افواہ اڑا دیتے ہیں


کیوں نہ لوٹے وہ اداسی کا مسافر یارو

زخم سینہ کے اسے روز سدا دیتے ہیں


اجے سحاب



نیاز سواتی

 یوم پیدائش 29 اپریل 1941


ورنہ مجھے بھی جھوٹا سمجھتے تمام لوگ 

صد شکر اپنے حلقے کا ممبر نہیں ہوں میں 

دولت کی ریل پیل ہے اب گھر میں اس لیے 

کسٹم کا اک کلرک ہوں ٹیچر نہیں ہوں میں


نیاز سواتی 



سید خادم رسول عینی

 یوم پیدائش 29 اپریل 1968

ماہ صیام


دے رہا ہے مسلموں کو ضابطہ ماہ صیام

نور ایماں اور تقویٰ کی ضیا ماہ صیام 


اس کا استقبال کیجیے مومنو ، سنت ہے یہ 

تحفہء نیکی لیے پھر آگیا ماہ صیام


ہم گناہوں میں پھنسے تھے ، گرچہ نادم تھے بہت 

تیرے آتے ہی رکا یہ سلسلہ ماہ صیام


تجھ میں اک شب قدر والی ہے ، یہ آقا نے کہا 

تجھ سا ہم لائیں کہاں سے دوسرا ماہ صیام 


مومنوں کے رخ پہ ہیں رعنائیاں ، شادابیاں

منظر افطار و سحری خوش نما ماہ صیام 


اس کا ہر پل ہے مزین برکت و انوار سے 

ہے مقدس ابتدا تا انتہا ماہ صیام 


جس میں توریت و زبور انجیل بھی نازل ہوئیں 

مرحبا صد مرحبا وہ آگیا ماہ صیام


اس کا استقبال کرتے تھے حبیب کبریا

 اس قدر تقدیس کا حامل رہا ماہ صیام


کھل گیے جنت کے دروازے مسلماں کے لیے

بند ہر دوزخ کا دروازہ ہوا ماہ صیام


کرتی ہے مچھلی دعا دریا میں صائم کے لیے

ہے بہت اپنے لیے برکت نما ماہ صیام


نام ہے ماہ مساوات اس کا ، ماہ صبر بھی 

ہوگیے سب حامل صبر و رضا ماہ صیام


چاند کو اس کے پیمبر دیکھتے تھے شوق سے

مومنو خوشیاں مناؤ آگیا ماہ صیام


صائموں کی افضلیت "عینی" اس سے جان لو 

اجر ان کو دیتا ہے خود کبریا ماہ صیام


سید خادم رسول عینی



احمق پھپھوندوی

 یوم پیدائش 26 اپریل 1895


اٹھو اٹھو اٹھو اٹھو 

کمر کسو کمر کسو 

سحر سے پہلے چل پڑو 

کڑی ہے راہ دوستو 

تھکن کا نام بھی نہ لو 

بڑھے چلو بڑھے چلو 


جھجھک نہ دل میں لاؤ تم 

بس اب قدم اٹھاؤ تم 

ذرا نہ ڈگمگاؤ تم 

خدا سے لو لگاؤ تم 

ملول و مضطرب نہ ہو 

بڑھے چلو بڑھے چلو 


اٹھا دیا قدم اگر 

تو ختم ہے بس اب سفر 

ہے راہ صاف و بے خطر 

نہ کوئی خوف ہے نہ ڈر 

چلو چلو بڑھو بڑھو 

بڑھے چلو بڑھے چلو 


تمہارے ہم سفر جو تھے 

وہ منزلوں پہ جا لگے 

سب آگے تم سے بڑھ گئے 

مگر ہو تم پڑے ہوئے 

ذرا سمجھ سے کام لو 

بڑھے چلو بڑھے چلو 


دلوں میں ہے جو ولولہ 

تو ڈال دو گے زلزلہ 

رہے بلند حوصلہ 

وہ سامنے ہے مرحلہ 

وہیں پہنچ کے سانس لو 

بڑھے چلو بڑھے چلو 


احمق پھپھوندوی


 

من موہن عالم

 یوم پیدائش :28 اپریل 1938


گناہ اپنے اپنے ثواب اپنا اپنا 

کتاب اپنی اپنی عذاب اپنا اپنا 


مقدر کا رونا ہے کیسا کہ سب نے 

کیا تھا اگر انتخاب اپنا اپنا 


بھرم بھی ہیں درکار جینے کو شاید 

کہ خواب اپنے اپنے سراب اپنا اپنا 


نہ پوچھو کہ مطلب ہے کیا زندگی کا

سوال ایک ہی ہے جواب اپنا اپنا


من موہن عالم



مصطفٰی ارباب

 یوم پیدائش 28 اپریل

ہانکا


جس خطے پہ

ہمیں زندگی گزارتی ہے

بہت بڑی شکار گاہ ہے یہ

ہر وقت

ہانکا لگا رہتا ہے

دوڑتے دوڑتے

ہم ہانپنے لگتے ہیں

سانس اپنا راستہ بھولنے لگتی ہے

ختم ہی نہیں ہوتا یہ ہانکا

دو پاؤں والے

ہمیشہ چار پاؤں والوں کا ہانکا لگاتے ہیں

ہمارے دو پاؤں

ایک ہانکے کا شکار ہو چکے ہیں

ہم بہت خوش ہوئے تھے

اب ہمارے پاس

ہانکا لگانے والوں کی طرح

دو پاؤں ہیں

مگر پاؤں دو ہوں یا چار

ہانکا لگا ہی رہتا ہے


مصطفٰی ارباب



محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...