Urdu Deccan

Sunday, July 2, 2023

جاوید جمیل

یوم پیدائش 17 اپریل 1958

کیا نگاہوں نے کوئی خواب سجایا نہ کبھی 
کیا کسی کو بھی قریب اپنے بلایا نہ کبھی 

آتے رہنے کے لئے شکریہ اے یاد کہ دوست 
میں ہی مجرم ہوں تری یاد میں آیا نہ کبھی 

اس کی البم میں تو تصویر مری ہے موجود 
اس نے تصویر کو سینے سے لگایا نہ کبھی 

میں تجھے کیسے بتا دیتا دل ناز کا حال 
حال دل میں نے تو خود کو بھی بتایا نہ کبھی 

دل چرا کر مرا کہتا ہے مجھے چور یہ اب 
خود ہی چوری ہوا اس نے تو چرایا نہ کبھی 

قہقہے اوروں کی خوشیوں میں رہے ہیں شامل 
میرے حالات نے خود مجھ کو ہنسایا نہ کبھی 

میں نے اوروں سے سنا ہے کہ نسیم آتی ہے 
کیوں مجھے وقت سحر اس نے جگایا نہ کبھی 

تیری جاویدؔ یہ عادت ہے خدا کو بھی پسند 
تو نے نظروں سے کسی کو بھی گرایا نہ کبھی

جاوید جمیل


 

رانا التمش ماشی

یوم پیدائش 17 اپریل 2001

جو بات بس میں نہ ہو وہ کہی،، نہیں جاتی
کسی کو اپنی زباں یوں ہی دی نہیں جاتی 

ہمارے سامنے وہ گھنٹوں بیٹھی رہتی ہے 
ہمارے آنکھ کی تشنہ لبی نہیں جاتی 

سنائی دیتی ہے اندر سے ہچکیوں کی صدا
تبھی تو آنکھوں سے میری نمی نہیں جاتی

تمھاری یاد سے کیسے بھریں گے زخم مرے
گلوں کی چوٹ تو کانٹوں سے سی نہیں جاتی

غموں کا کیسے کروں قہقہوں سے اندازہ
وہ رو پڑے بھی تو لب سے ہنسی نہیں جاتی

سنا ہے وہ بھی مجھے یاد کرتی ہے ماشی
جدائی مجھ سے بھی اس کی سہی نہیں جاتی

رانا التمش ماشی

شہریار حیدر

یوم پیدائش 17 اپریل 

خواہشیں بے لگام ہونے پر
دل مچلتا ہے شام ہونے پر

ترکِ الفت سے جان جاتی ہے
آپ خوش ہیں یہ کام ہونے پر

معذرت کی گئی ستاروں سے
رات کا اختتام ہونے پر

عشق ہوتا تو آپ کیا کرتے
رو رہے ہیں زُکام ہونے پر

شہریار حیدر


 

اختر شمار

یوم پیدائش 17 اپریل 1960

اس کے نزدیک غم ترک وفا کچھ بھی نہیں
مطمئن ایسا ہے وہ جیسے ہوا کچھ بھی نہیں

اب تو ہاتھوں سے لکیریں بھی مٹی جاتی ہیں
اس کو کھو کر تو مرے پاس رہا کچھ بھی نہیں

چار دن رہ گئے میلے میں مگر اب کے بھی
اس نے آنے کے لیے خط میں لکھا کچھ بھی نہیں

کل بچھڑنا ہے تو پھر عہد وفا سوچ کے باندھ
ابھی آغاز محبت ہے گیا کچھ بھی نہیں

میں تو اس واسطے چپ ہوں کہ تماشا نہ بنے
تو سمجھتا ہے مجھے تجھ سے گلا کچھ بھی نہیں

اے شمارؔ آنکھیں اسی طرح بچھائے رکھنا
جانے کس وقت وہ آ جائے پتا کچھ بھی نہیں

اختر شمار

سلطان ساجد

یوم وفات 16 اپریل 2023

یاد ماضی کے کئی خواب سہانے آئے
مجھ سے ملنے جو مرے یار پرانے آئے

جس کے حصے میں محبت کے خزانے آئے
دن سمجھ لیجیے اُس کے ہی سہانے آئے

ایک مدت سے تڑپتی ہے یہ خواہش دل میں
خشک ہونٹوں پہ کوئی پھول کھلا نے آئے

دولتِ صبر سے لبریز ہے سینہ اپنا
کیوں ہمیں خواب وہ جنت کے دکھانے آئے

عمر بھر جن کو رہی ہم سے عداوت بے جا
آج تربت پہ وہی پھول چڑھانے آئے

جھوٹے موسم کے سبھی آج اشارے نکلے
دن وہی لوٹ کے پھر دیکھ پرانے آئے

 رُخ سمندر کا میاں دیکھ کے حیران ہیں ہم
کون طوفان میں کشتی کو بچانے آئے

شہر جلتا ہے تو جل جائے بلا سے ساجد
کس کو فرصت ہے یہاں آگ بجھانے آئے

سلطان ساجد


 

بشیر منظر

یوم پیدائش 16 اپریل 1960

کس ادا سے وہ بن سنور آئی
جب اداسی ہمارے گھر آئی

پھر دعا عرش تک تو پہنچی تھی
لوٹ کر واں سے بے اثر آئی

ہم سے ان کا تھا شام کا وعدہ
وہ نہ آئے مگر سحر آئی

ہر نیا سچ ہمیں ڈراتا ہے
جھوٹ کی ناؤ پھر سے بھر آئی

شیخ جی نے جو مے کدے توڑے
آسمانوں سے ٹوٹ کر آئی

قتل کر کے مجھے نہ جانے کیوں
میرے قاتل کی آنکھ بھر آئی

میاں منظر سنبھل کے چلیے گا
سامنے پھر وہی ڈگر آئی

بشیر منظر



محمد امین

یوم پیدائش 15 اپریل 1928
المتکبر 
خدا کی ذات کو ہے کبرائی
کہ حاجت سے منزہ ہے الہی
کرے بندہ تکبر تو گنہ ہے
فقط ذات الٰہی کبریا ہے 
بھلا اک قطرہ جس کی ابتدا ہو
مغاک کی تیرہ جس کی انتہا ہو
ضرورت در بدر جس کو پھرائے
جسے ٹٹی میں حاجت جا بٹھائے
نہیں زیبا تکبر اس کو کرنا
نہیں شاداں خدا سے اس کو لڑنا
کوئی نمرود مستکبر ہو کیسا
نہیں مومن کسی کے آگے جھکتا 
کہا آذر نے ابراہیم سے آؤ
بتوں کے آگے سر اپنا جھکاؤ
پرستش چاند سورج کی کرو تم
ستاروں کے پجاری بن رہو تم
کہا حضرت نے سورج چاند تارے
مسخر ہیں قضا کے ساتھ سارے
کبھی روشن کبھی ماند پڑھتے
کبھی چھڑتے ہیں پھر اترتے
کبھی غائب رہے دمدار تارا
کبھی ہوتا ہے ظاہر وہ ستارا
کبھی بڑھتا کبھی ہے چاند گھٹتا
کبھی خورشید کو ہے گہن لگتا
بھلا دیکھا زحل مریخ زہرہ
عطارد مشتری کا تم نے دورہ
کبھی سیدھے کبھی الٹے ہیں چلتے
کبھی آوارہ پھرتے پھرتے تھمتے
وفوق و استقامت اور حرکت
تحیر فہقیری رجعت اقامت
دلائل ہیں قوی کہ حق تعالیٰ
بڑی ہے قدرت و جبروت والا
اسی کے ہاتھ میں انکے ڈورے
جدھر چاہے ادھر ہی باگ موڑے
اسی کی شان سے بس کبرائی
کسی کی اس کے آگے کیا بڑائی
وطن میرا جو چاہو چھڑا دو
پکڑ کر آگ میں مجھ کو گرا دو
سوا اس کے کسی کو میں نہ مانوں
سوا اس کے کسی کو کچھ نہ جانوں
چنانچہ آگ میں اس کو گرایا
نہ پر اس نے سرِ مُو بھی جلایا
جزاک اللہ فی الدارین خیرا
مٹایا شرک کا سارا بکھیڑا
خلیل اللہ کی تعلیم سیکھو
خدا کی ذات کی تعظیم سیکھو
محمد امین




علی آکاش

یوم پیدائش 15 اپریل 1975
نظم ایک روٹی سے
تمام زندگی کو سمجھا جا سکتا ہے،
گر وہ دو آدھ کر کے کھائی جائے،
تو سمجھیں کہ یہ کوئی بے اولاد جوڑا ہے،
یا نیا شادی شدہ جوڑا ہے،
جو ابھی اولاد کے لیے پرامید ہے،
گر وہ روٹی آدھی کھائی جائے،
اور آدھی رومال میں ڈھانپ کر رکھی جائے،
تو یوں سمجھیں کہ یہ کوئی مزدور کی بیوی ہے،
اور ابھی شام نہیں ہوئی!
ہاں گر اس روٹی کے چار ٹکڑے کیے گئے ہیں،
تو جان لیں کہ بہن بھائی، باپ ماں،
مل کر کھا رہے ہیں!
گر اسی روٹی کا ایک ٹکڑا بچ گیا ہے،
تو سمجھ لیں کہ وہ بوڑھا گداگر بیمار پڑا ہے
یا اس دنیا سے گزر گیا ہے!
گر پوری روٹی سوکھ گئی ہے،
تو ضرور کسی بیوہ عورت کا وہ کتا مر گیا ہے،
جو گندم کی روٹی کی اہمیت کو جانتا تھا۔
نوٹ: سندھی میں محاورہ ہے کے کتا کیا جانے گندم کی روٹی کی اہمیت کو۔
بھوک روٹی اٹھا کے بھاگی اور،
ایک بچے کا چور ہوجانا۔
ایک لڑکی کا منچ پر آنا،
اور تھیٹر کا شور ہوجانا۔
پرندے سے پوچھا گیا:
آسماں اور پنجرے کے بارے میں کیا ہے
تمہارا خیال؟
تو اس نے دیا یوں جواب:
کہ امبر ہے میرے لئے ایک پنجرہ وسیع
اور پنجرہ ہے میرے لئے اک ننھا آسماں۔
گیت ہوں گم شدہ جزیرے کا
بس سمندر ہی گنگنائے مجھے،
بے قراری ہوں اک بگولے کی
کوئی صحرا میں چھوڑ آئے مجھے،
موت کی سیڑھیاں اترتے ہی،
زندگی سے جھگڑنے جاتا ہوں۔
میں تو ماحول دوست ہوں پیارے،
آنسو پیتا نہیں بہاتا ہوں۔

ایک روٹی سے
تمام زندگی کو سمجھا جا سکتا ہے،
گر وہ دو آدھ کر کے کھائی جائے،
تو سمجھیں کہ یہ کوئی بے اولاد جوڑا ہے،
یا نیا شادی شدہ جوڑا ہے،
جو ابھی اولاد کے لیے پرامید ہے،
گر وہ روٹی آدھی کھائی جائے،
اور آدھی رومال میں ڈھانپ کر رکھی جائے،
تو یوں سمجھیں کہ یہ کوئی مزدور کی بیوی ہے،
اور ابھی شام نہیں ہوئی!
ہاں گر اس روٹی کے چار ٹکڑے کیے گئے ہیں،
تو جان لیں کہ بہن بھائی، باپ ماں،
مل کر کھا رہے ہیں!
گر اسی روٹی کا ایک ٹکڑا بچ گیا ہے،
تو سمجھ لیں کہ وہ بوڑھا گداگر بیمار پڑا ہے
یا اس دنیا سے گزر گیا ہے!
گر پوری روٹی سوکھ گئی ہے،
تو ضرور کسی بیوہ عورت کا وہ کتا مر گیا ہے،
جو گندم کی روٹی کی اہمیت کو جانتا تھا۔
نوٹ: سندھی میں محاورہ ہے کے کتا کیا جانے گندم کی روٹی کی اہمیت کو۔
بھوک روٹی اٹھا کے بھاگی اور،
ایک بچے کا چور ہوجانا۔
ایک لڑکی کا منچ پر آنا،
اور تھیٹر کا شور ہوجانا۔
پرندے سے پوچھا گیا:
آسماں اور پنجرے کے بارے میں کیا ہے
تمہارا خیال؟
تو اس نے دیا یوں جواب:
کہ امبر ہے میرے لئے ایک پنجرہ وسیع
اور پنجرہ ہے میرے لئے اک ننھا آسماں۔
گیت ہوں گم شدہ جزیرے کا
بس سمندر ہی گنگنائے مجھے،
بے قراری ہوں اک بگولے کی
کوئی صحرا میں چھوڑ آئے مجھے،
موت کی سیڑھیاں اترتے ہی،
زندگی سے جھگڑنے جاتا ہوں۔
میں تو ماحول دوست ہوں پیارے،
آنسو پیتا نہیں بہاتا ہوں۔
علی آکاش

 

فراہیم احمد شارب

یوم پیدائش 15 اپریل 1939

کیا عرب کیا عجم! سب کا اک حال تھا
 شرک و تکفیر کا ہر طرف جال تھا
 فکر و دانش میں لرزش تھی بھونچال تھا
 جذبہ توحید کا دل میں پامال تھا

 رنگ چڑھتا نہ تھا دل کی تصویر پر
 لوگ نازاں تھے آذر کی تقدیر پر

جس پہ نازاں تھے ابراہیمی ہم سفر
بت کدوں میں تھا پہلا خدا کا یہ گھر
رنگ وحدت کا باقی نہ تھا کچھ اثر
یہ حرم تھا بتوں کا نیا مستقر

درد رکھتے تھے کعبہ کا وہ جس طرح
مانتے تھے ھبل کو خدا کس طرح

ختم ہوتا نہ تھا گمرہی کا سفر
صید افسوں گری تھی محاسب نظر
تک رہے تھے زمیں کو نجوم سحر
آنے والا تھا دنیا میں خیر البشر

جس نبی کی شہادت رسولوں نے دی
اس کے آنے کی ساعت بھی نزدیک تھی

فراہیم احمد شارب



Saturday, July 1, 2023

سید نور الہی ناطق

یوم پیدائش 15 اپریل 1954

دل کے شیشے کو صاف کرلینا
مجھ سے پھر اختلاف کر لینا

تم صداقت سے دوستی کر کے
جھوٹ سے انحراف کر لینا

جو محبت کا درس دیتا ہے
اس نگر کا طواف کر لینا

عقل کی بات یہ نہیں ناطقؔ
دوستوں کو خلاف کر لینا

سید نور الہی ناطق



محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...