یوم پیدائش 01 مئی 1973
کسی دربار میں نہیں ملتا
عشق بازار میں نہیں ملتا
کچھ ہیں مندر میں کچھ ہیں قبروں پر
پھول گلزار میں نہیں ملتا
کون سمجھائے شان والوں کو
سایہ دستار میں نہیں ملتا
ڈھونڈتا ہوں جسے وہ اے دنیا
تیرے سنگار میں نہیں ملتا
دکھ تو ہوتا ہے جب بھی تیرا نام
دل کی جھنکار میں نہیں ملتا
اے مظفر مجھے غزل کی قسم
بغض فنکار میں نہیں ملتا
خواجہ مظفر مینائی