صرف ایک تو ہی غیر فانی ہے
باقی ہر شے کو موت آنی ہے
سنگ پاروں میں جو شرارے ہیں
تیری قدرت کی ترجمانی ہے
ہے ہر اک شے پہ تیرا دستِ کرم
تجھ سے دنیا میں دانا پانی ہے
وحدہ لا شریک ہے تو ہی
تیری یکتائی ہی نشانی ہے
چاند, سورج, ہوا, فضا, تارے
سب کے سب تیری مہربانی ہے
تیری قدرت کا ہے کرشمہ یہ
ابرِ باراں میں جو روانی ہے
تیرے رحم و کرم سے ہی مولا
گھر میں "شاداں" کے شادمانی ہے