Urdu Deccan

Friday, February 24, 2023

خالق عبداللہ

یوم پیدائش 01 فروری 1947

جنوں والوں سے ہرگز دشت پیمائی نہ جائے گی
ہزاروں شہر رکھ دو ، ان کی تنہائی نہ جائے گی

ہمیشہ پیار کا بادل ہی بن کر میں تو برسا ہوں
فضا جو بھی ہو مجھ سے آگ برسائی نہ جائے گی

تمھیں جانا ہے جاؤ توڑ دو سب پیار کے رشتے
تمھارے ساتھ تو اس گھر کی انگنائی نہ جائے گی

پرندوں کو فضا میں روک لیں گے روکنے والے
عقابوں کو مگر زنجیر پہنائی نہ جائے گی

میں بوسہ ریت کا لے کر ہوا ہوں پھر ترو تازہ
مرے چہرے سے ہرگز اب یہ رعنائی نہ جائے گی

ارے ویرانیو! جاؤ ٹھکانا اور ہی ڈھونڈو
یہ وہ آنکھیں ہیں جن کی خواب آرائی نہ جائے گی

کسی کی یاد کی ہے چاندنی چھٹکی ہوئی گھر میں
جھٹک دو لاکھ ذہنوں سے یہ ہرجائی نہ جائے گی

خالق عبداللہ



احسن علی خاں

یوم پیدائش 01 فروری 1922

اب تو بوسیدہ ہو چلے ہیں ہم 
ٹوٹنے پھوٹنے لگے ہیں ہم 

زخم دل کی کسک چھپانے کو 
جسم پر گھاؤ چاہتے ہیں ہم 

اب نہیں فکر سود رنج زیاں 
خوار ہونا تھا ہو چکے ہیں ہم 

اب سبھی کچھ ہمیں گوارا ہے 
ہائے کتنے بدل گئے ہیں ہم 

ہم سے دامن بچا کے چلتی ہے 
اے صبا تجھ کو جانتے ہیں ہم 

راہبر کے بغیر ہی احسنؔ 
نئی راہوں پہ چل سکے ہیں ہم

احسن علی خاں


 

Tuesday, January 31, 2023

احسان نانپاروی

یوم پیدائش 31 جنوری 1931

سفر ہے شرط رہ کہکشاں ہے تیرے لیے 
نئی زمین نیا آسماں ہے تیرے لیے 

بلا رہی ہے تجھے منزل بلند تری 
یہ نالۂ جرس کارواں ہے تیرے لیے 

ترے جنوں نے کھلائے لہو سے لالہ و گل 
بہار نازش صد گلستاں ہے تیرے لیے 

خوشا وہ عظمت فقر و خود آگہی تیری 
کہ خم جبین غرور شہاں ہے تیرے لیے 

بصیرت نگہ جذبۂ کلیمانہ 
عطا ہوئی ہے تجھے یہ جہاں ہے تیرے لیے 

احسان نانپاروی



عامر ریاض

یوم پیدائش 31 جنوری 1985

پرانے خول سے نکلے رخِ نَو تک چلے آئے
کھلے در آگہی کے ہم قلمرو تک چلے آئے

ضیائے رحمتِ یزداں جہاں انکو بلاتی تھی
اشارہ دیکھتے موسیَ اسی لَو تک چلے آئے

فراتِ جاں ابلتا ہے غم و آلام کی صورت 
سرشکِ خوں حدِ احساس کی رَو تک چلے آئے

رہِ دشوار میں ہونگی بڑی آسانیاں پیدا 
مکیں جب ظلمتِ شب کے کسی ضَو تک چلے آئے

غزل جوبن پہ آٸی تو ترے اکرام سے مولا 
تخیل خود بخود میری تگ و دو تک چلے آئے

عامر ریاض



اشک امرتسری

یوم پیدائش 31 جنوری 1900

قید ہستی میں ہوں اپنے فرض کی تعمیل تک 
اک نئی دنیا نئے انسان کی تشکیل تک 

دام ہم رنگ زمیں پھیلا دیا صیاد نے 
وادیٔ گنگ و جمن سے رود بار نیل تک 

آنکھ سے بہہ جائے گا دل میں اگر باقی رہا 
قطرۂ خوں داستان درد کی تکمیل تک 

شاعری کا ساز ہے وہ ساز ہو جس ساز میں 
نغمۂ روح الامیں سے بانگ اسرافیل تک 

تو ہی اسرار سخن سے ہے ابھی نا آشنا 
ورنہ اس اجمال میں موجود ہے تفصیل تک 

بس نہیں چلتا ہے ان کا ورنہ یہ ظلمت پرست
اپنی پھونکوں سے بجھا دیں عرش کی قندیل تک 

اشکؔ اپنے سینۂ پر خوں میں سیل اشک بھی 
روک رکھتا ہوں جگر کے خون کی تحلیل تک

اشک امرتسری



مقبول نقش

یوم وفات 31 جنوری 2005

اتفاقاً جو کہیں اب وہ نظر آتے ہیں 
کتنی یادوں کے حسیں نقش ابھر آتے ہیں 

کیسے گزری شب آشفتہ سراں کس کو خبر 
لوگ تو بام پہ ہنگام سحر آتے ہیں 

سوچ لیں آپ مرا ساتھ کہاں تک دیں گے 
مرحلے سیکڑوں دوران سفر آتے ہیں 

یوں غلط تو نہیں چہروں کا تأثر بھی مگر 
لوگ ویسے بھی نہیں جیسے نظر آتے ہیں 

ان سے جب ترک تعلق کا خیال آتا ہے 
رابطے کتنے تصور میں ابھر آتے ہیں

مقبول نقش



شمشاد شاؔد

اب بھگوئیں گے نہ پلکوں کے کنارے آنسو
ہو گئے خشک مری آنکھ کے سارے آنسو

میری آنکھوں سے نہ چھلکے ہیں نہ چھلکیں گے کبھی
انتہائے غم و تکلیف کے مارے آنسو

یہ بھی ہوتا ہے کہ جب چوٹ تمہیں لگتی ہے
بے تامل نکل آتے ہیں ہمارے آنسو

ساتھ دیتا نہیں چہرے کا تاثر ہرگز
چاہے آنکھوں میں کوئی لاکھ ابھارے آنسو

ایک اک بات تمہاری شب تنہائی میں
یاد کرتے ہیں تو بہتے ہیں ہمارے آنسو

دامن ضبط مرے ظرف نے چھوڑا ہے مگر
گھر سے بے گھر ہوئے جاتے ہیں بچارے آنسو

نوکِ انگشت سے برجستہ جھٹک کر میں نے
کہہ دیا دور مری آنکھ سے جا رے آنسو

جب چھلک آتے ہیں آنکھوں میں خوشی کے مارے
"میٹھا میٹھا سا مزہ دیتے ہیں کھارے سے"

ان کے بہہ جانے سے آتا ہے مرے دل کو قرار
اسلئے شاؔد مجھے لگتے ہیں پیارے آنسو

شمشاد شاؔد



Sunday, January 29, 2023

صادق گیاوی

یوم پیدائش 29 جنوری 1935

کوئی جینے کا کیا کرے ارماں
ڈس رہے ہیں حیات کے سائے

صادق گیاوی



مسلم نواز

یوم پیدائش 29 جنوری 1946

کچھ زمیں لیتا چلوں کچھ آسماں لیتا چلوں
جب جہاں سے جاؤں میں حسنِ جہاں لیتا چلوں

ہے بھٹک جانے کا اندیشہ مجھے گھیرے ہوئے
ساتھ اپنے اپنا میرِ کارواں لیتا چلوں

دشتِ تنہائی میں کوئی ساتھ جب دیتا نہیں
میں پریشانی میں گردِ کارواں لیتا چلوں

کون جانے کس گھڑی آجائے موجوں کا جلوس
اپنی کشتی کے لیے میں بادباں لیتا چلوں

رفتہ رفتہ زخم سارے مندمل ہوجائیں گے
میں پرانے زخمِ دل کے کچھ نشاں لیتا چلوں

اک صدائے خامشی کے درمیاں زندہ ہوں میں
زندگی تو ہی بتا تجھ کو کہاں لیتا چلوں

مسلم نواز


 

برہما نند جلیس

یوم پیدائش 28 جنوری 1930

دینے والے یہ زندگی دی ہے 
یا مرے ساتھ دل لگی کی ہے 

ہم کو معلوم ہی نہ تھا یہ راز 
موت کا نام زندگی بھی ہے 

آشیانوں کی خیر ہو یا رب 
صحن‌ گلشن میں روشنی سی ہے 

ہم نے برسوں جگر جلایا ہے 
پھر کہیں دل میں روشنی کی ہے 

آپ سے دوستی کا اک مفہوم 
ساری دنیا سے دشمنی بھی ہے 

لوگ مرتے ہیں زندگی کے لئے 
ہم نے مر مر کے زندگی کی ہے 

ہم کو مارا ہے عاشقی نے جلیسؔ 
لوگ کہتے ہیں خود کشی کی ہے

برہما نند جلیس



محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...