یوم وفات 08 مئی 2021
انا اللہ وانا الیہ راجعون
تصور میں نبیﷺ کے شہر کا منظر بھی ہوتا ہے
غمِ ہجراں میں لیکن میرا دامن تر بھی ہوتا ہے
ہمیں قرآں بتاتا ہے یہ سنّت ہے رسولوں کی
نبی کارِ نبوّت کے لیے بے گھر بھی ہوتا ہے
نبیﷺ چھولیں اگر سوکھا شجر سرسبز ہوجائے
اگر چومیں لبوں سے معتبر پتھر بھی ہوتا ہے
کیے ظلم و ستم سرکارﷺ نے انگیز ایسے بھی
کہ جن کا سوچنا اپنے لیے دوبھر بھی ہوتا ہے
سفیر آتا ہے فارس کا اگرچہ کرٌ و فر کے ساتھ
چٹائی پر نبیﷺ کو دیکھ کر ششدر بھی ہوتا ہے
حیاتِ مصطفیٰﷺ کا جزوِ لازم بوریا ٹھہرا
تہجٌد میں مصلٌیٰ بعد میں بستر بھی ہوتا ہے
نبیﷺ کی پرورش کا فیض ہو جس کے مقدّر میں
وہ دیدہ ور بھی ہوتا ہے علیؓ حیدر بھی ہوتا ہے
درِ سرکارﷺ پر نعتیں خلش ! روکر سناتےہیں
ہمارے خواب میں یہ واقعہ اکثر بھی ہوتا ہے
اقبال خلش آکوٹوی