Urdu Deccan

Monday, August 9, 2021

صوفی تبسم

 یوم پیدائش 04 اگسٹ 1899


ہزار گردش شام و سحر سے گزرے ہیں

وہ قافلے جو تری رہ گزر سے گزرے ہیں


ابھی ہوس کو میسر نہیں دلوں کا گداز

ابھی یہ لوگ مقام نظر سے گزرے ہیں


ہر ایک نقش پہ تھا تیرے نقش پا گماں

قدم قدم پہ تری رہ گزر سے گزرے ہیں


نہ جانے کون سی منزل پہ جا کے رک جائیں

نظر کے قافلے دیوار و در سے گزرے ہیں


رحیل شوق سے لرزاں تھا زندگی کا شعور

نہ جانے کس لیے ہم بے خبر سے گزرے ہیں


کچھ اور پھیل گئیں درد کی کٹھن راہیں

غم فراق کے مارے جدھر سے گزرے ہیں


جہاں سرور میسر تھا جام و مے کے بغیر

وہ مے کدے بھی ہماری نظر سے گزرے ہیں


صوفی تبسّم


شکیب کلگانوی

 دل کی اجڑی ہوئی بستی کو بسانے کے لیے

تم چلے آؤ کسی روز ہنسانے کے لیے


خالی خالی ہیں مرے دل کی نشستیں جاناں

منتظر ہوں میں تمھیں اس پہ بٹھانے کے لیے


اب ترے بعد مجھے کوئی نہیں ہے شکوہ

پر بچا کچھ نہ مرے پاس گنوانے کے لیے


درد پوشیدہ ہوا جاتا ہے آنکھوں سے عیاں

اور دلِ ناداں مصِر اسکو چھپانے کے لیے


آرزو خون سے میرے ہوئی پوری ان کی

پھول بالوں میں فقط ان کے سجانے کے لیے


ضرب سہہ سہہ کے وہ آمادہ بغاوت پہ ہوا

کوششیں خوب ہوئیں دل کو مٹانے لے لئے


نرم گفتار مری سب کا کھلونا ہے بنی

دستِ ہستی میں شکیبؔ اب تو ہنسانے کے لئے


 شکیبؔ کلگانوی


راحیل ثقلینی


 یوم پیدائش 03 اگست 1967


شوق آنکھوں کا نہیں چلتا یہاں

دوسرا چہرا نہیں چلتا یہاں


ورنہ پیروں سے کچل دیتے ہیں لوگ

بھیڑ میں رکنا نہیں چلتا یہاں


اپنے دکھ میں ہنسنے کی عادت بھی ڈال

ہر گھڑی رونا نہیں چلتا یہاں


جانے من یہ جسم کا بازار ہے 

عشق کا سکہ نہیں چلتا یہاں


دشمنوں کو کر لیا دل سے قبول


اب کوئی جھگڑا نہیں چلتا یہاں


یوں تو سب راحیل چلتا ہے مگر

بس تیرے جیسا نہیں چلتا یہاں


راحیل ثقلینی

ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی

 یاد رفتگاں : بیاد شکیل بدایونی بمناسبت یوم تولد

03 اگست 1916


رونق شہر بدایوں تھے شکیل

ان کا فن ہے ان کی عظمت کی دلیل


ان کی ہےمرہون اردو شاعری 

روح پرور ان کی ہے فکر جمیل


ان کی غزلیں ہیں حدیث دلبری

وہ ستم دیدہ دلوں کے تھے وکیل


ان کے نغمے ہیں سرود سرمدی

فلمی دنیا میں شکل سلسبیل


عزم تھا ان کا بہت کچھ وہ کریں

لے کے آٸے تھے مگر عمر قلیل


دے جزاٸے خیر انھیں اس کی خدا

کارنامے ان کے ہیں برقی جلیل


احمد علی برقی اعظمی 


ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی

 یاد رفتگاں : بیاد ممتاز ماہر لسانیات اردو پروفیسر نصیر احمد خان مرحوم

تاریخ وفات : 3 اگست ٢٠٢١


جہاں سےہوگئے رخصت نصیر احمد خاں

لسانیات پہ جن کی کتب ہیں ورد زباں


تھی ان کی ذات گرامی وقار جے این یو

تھے ان کے کام سے واقف تمام اہل جہاں


انھیں زبان وبیاں پر عبور تھا حاصل

نگارشات سے ان کی عیاں ہے روح زماں


لسانیات پہ ان کی کتب ہیں لاثانی

تھے اج عصری ادب میں وہ جس کی روح رواں


کئے جو کام ہیں تاریخ ساز اردو میں

تھا ان کا رخش قلم عمر بھر رواں و دواں


ہو ان کی روح کو حاصل سکون جنت میں

خدا کے فضل سے راس آئے ان کو باغ جناں


تھےایسے ماہر اسلوبیات وہ برقی

وفات جن کی ہے اردو کا اک عظیم زیاں


احمد علی برقی اعظمی 


جاذب قریشی

 یوم پیدائش 03 اگست 1940


جب تمہیں یاد کیا رنج ہوا بھول گئے

ہم اندھیروں میں اجالے کی فضا بھول گئے


تم سے بچھڑے تھے تو جینے کا چلن یاد نہ تھا

تم کو دیکھا ہے تو مرنے کی دعا بھول گئے


تیرے آنسو تھے کہ بے داغ ستاروں کے چراغ

عمر بھر کے لئے ہم اپنی سزا بھول گئے


ہم خیالوں میں تمہیں یاد کئے جاتے ہیں

اور تم دل کے دھڑکنے کی صدا بھول گئے


پیار میں کوئی فصیلیں جو اٹھائے بھی تو کیا

تم تو خود لذت اسلوب وفا بھول گئے


کسی مہکی ہوئی چھاؤں میں ٹھہر کے ہم بھی

سنگ دل وقت کا انداز جفا بھول گئے


کتنے نادان ہیں وہ اہل محبت جاذبؔ

جو ہر اک بات محبت کے سوا بھول گئے


جاذب قریشی


توصیف تبسم

 یوم پیدائش 03 اگست 1928


کاش اک شب کے لیے خود کو میسر ہو جائیں

فرش شبنم سے اٹھیں اور گل تر ہو جائیں


دیکھنے والی اگر آنکھ کو پہچان سکیں

رنگ خود پردۂ تصویر سے باہر ہو جائیں


تشنگی جسم کے صحرا میں رواں رہتی ہے

خود میں یہ موج سمو لیں تو سمندر ہو جائیں


وہ بھی دن آئیں یہ بے کار گزرتے شب و روز

تیری آنکھیں ترے بازو ترا پیکر ہو جائیں


اپنی پلکوں سے جنہیں نوچ کے پھینکا ہے ابھی

کیا کرو گے جو یہی خواب مقدر ہو جائیں


جو بھی نرمی ہے خیالوں میں نہ ہونے سے ہے

خواب آنکھوں سے نکل جائیں تو پتھر ہو جائیں


توصیف تبسم


شکیل بدایونی

 یوم پیدائش 03 اگست 1916


بے خودی میں کیا بتائیں ہم کہ ہم نے کیا کیا

جس طرف جلوہ تیرا آیا نظر سجدہ کیا 


کر کے نالہ ہجر طیبہ میں مجھے رُسوا کیا 

اضطرابِ دردِ دل یہ ہائے تو نے کیا کِیا 


جلوہء در پردہ دیکھا ہو گئے بے خود کلیم 

عرش پر دیدارِ حق آقا نے بے پردہ کیا 


بت گرے بتخانے ٹوٹے کلمہ توحید سے 

حشر تم نے کائناتِ کفر میں برپا کیا 


خلوتِ عرش بریں سے تم نے آ کر دہر میں 

دین کی تبلیغ کی اسلام کا چرچا کیا 


چشمے پتھر سے اُبلنا عین فطرت ہے کلیم 

دستِ رحمت سے رواں سرکار نے دریا کیا 


دیکھ کر ہم عاصیوں پر لطف و رحمت کی نظر 

بخششِ اُمت کا حق نے آپ سے وعدہ کیا 


آج بھی ہے اے خوشا قسمت امید مغفرت 

محو دل سے تیری رحمت نے غمِ فردا کیا 


جلوہء روئے نبی نے دل میں آ کر اے شکیلؔ 

عرش کے انوار سے روشن میرا سینہ کیا 


شکیل بدایونی


انوری بیگم


 یوم پیدائش 15 مارچ 1959


جانے کیوں کر اس قدر سہما ہوا ہے آئینہ

آئینے کو دیکھ کر بھی ڈر رہا ہے آئینہ


کیا کوئی معصوم سی صورت نظر میں آ گئی

کیوں سوالوں میں الجھ کر رہ گیا ہے آئینہ


آپ اپنے آپ کو اس سے چھپا سکتے نہیں

آپ کی اک اک ادا سے آشنا ہے آئینہ


خواہشوں کے جال میں الجھا ہوا ہے ہر بشر

کون کتنا بے غرض ہے جانتا ہے آئینہ


آشیاں میرا جلایا نوچ ڈالے پر مرے

آپ کو اس حال میں بھی دیکھتا ہے آئینہ


اس لئے سب نے نگاہوں سے گرایا ہے اسے

جس کی جیسی شکل ہے وہ بولتا ہے آئینہ


ہاتھ میں پتھر لئے کیوں بڑھ رہے ہو اس طرف

چوٹ کھا کر خود بھی پتھر بن چکا ہے آئینہ


ظلم کی تلوار کے سائے میں بھی ہوں سجدہ ریز

انوریؔ ہر حال میں پہچانتا ہے آئینہ


انوری بیگم

علی افتخار جعفری

 یوم پیدائش 02 آگسٹ 1969


رنگ محفل سے فزوں تر مری حیرانی ہے

پیرہن باعث عزت ہے نہ عریانی ہے


نیند آتی ہے مگر جاگ رہا ہوں سر خواب

آنکھ لگتی ہے تو یہ عمر گزر جانی ہے


اور کیا ہے تری دنیا میں سوائے من و تو

منت غیر کی ذلت ہے جہاں بانی ہے


چوم لو اس کو اسی عالم مدہوشی میں

آخر خواب وہی بے سر و سامانی ہے


اپنے ساماں میں تصاویر بتاں ہیں یہ خطوط

کچھ لکیریں ہیں کف دست ہے پیشانی ہے


علی افتخار جعفری


محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...