Urdu Deccan

Tuesday, April 11, 2023

ڈاکٹر وسیم راشد

یوم پیدائش 23 مارچ

تیرا خیال میری انجمن میں رہتا ہے
عجیب پھول ہے تنہا چمن میں رہتاہے

میں اس سے دور بھی جاؤں تو کس طرح جاؤں
وہ عطر بن کے میرے پیرہن میں رہتا ہے

وہ اپنی روح کے زخموں کو کس طرح گنتا 
ہمیشہ الجھا ہوا وہ بدن میں رہتا ہے

تری تلاش میں تھک جاتے ہیں قدم لیکن
سکون قلب بھی شامل تھکن میں رہتا ہے

یہ بات سچ ہے نظریات جس کے چھوٹے ہوں
بڑے مکان میں بھی وہ گھٹن میں رہتا ہے

وسیم ہند کی مٹی میں کیسا جادو ہے 
کہیں بھی جاؤں مرا دل وطن میں رہتا ہے

ڈاکٹر وسیم راشد


پرویز رحمانی

یوم پیدائش 23 مارچ 1952

اندر باہر اوپر نیچے خواب ہی خواب 
دائیں بائیں آگے پیچھے خواب ہی خواب 

خوشبو شبنم رنگ کی دنیا ایک فریب 
غنچے گل بوٹے باغیچے خواب ہی خواب 

آنکھیں چہرے چاند ستارے رات ہی رات 
دروازے دیوار دریچے خواب ہی خواب 

حسرت ٹہنی ٹہنی نیند میں ڈوبی تھی 
بکھرے تھے پیڑوں کے پیچھے خواب ہی خواب
 
کاش کہ زندہ ہوتے احساسات سبھی 
دیکھا کرتے آنکھیں میچے خواب ہی خواب 

امیدیں مہدی کے تلوے چاٹ گئیں 
دکھلاتے کب تک غالیچے خواب ہی خواب 

خواہش خواہش جو چاہو چن لو پرویزؔ 
چھوڑ چلے ہم اپنے پیچھے خواب ہی خواب

پرویز رحمانی


 

ریحانہ شبیر

یوم پیدائش 23 مارچ 1972
نظم اک جوگی
اک جوگی ڈھونڈ رہی ہوں میں
جو زہر نکالے سانپوں کا
ہر جانب پھن پھیلائے ہوئے
ہیں ڈھیروں کالے ناگ یہاں
کچھ ہوس زدہ، کچھ حرص زدہ
کچھ اس دھرتی کی مایا پہ
پھن کو پھیلائے بیٹھے ہیں
کچھ استحصال کے کنڈل میں
سب کو لپٹائے بیٹھے ہیں
کوئی ہمت والا جوگی ہو
نہ زر کا کوئی روگی ہو
اک جوگی ڈھونڈ رہی ہوں میں
جو زہر نکالے سانپوں کا
ہے لفظوں میں تاثیر بہت
اور لفظوں میں تریاق بھی ہے
ان لفظوں سے انساں بدلے
ان لفظوں سے قومیں بدلیں
یہ طاقت ور کو زیر کریں
اور بزدل کو بھی شیر کریں
الفاظ میں ایسی خوبی ہے
الفاظ میں ایسی طاقت ہے
اے میرے دیس کے سخن ورو!
اپنے الفاظ کی لاٹھی سے
کچلو سر کالے ناگوں کے
اور استحصال کی کنڈل کو
کھولو الفاظ کی قوت سے
مزدور کی ہمت بن جاؤ
مظلوم کی طاقت بن جاؤ
تم سب کے سب ہی جوگی ہو
اب بین بجاؤ لفظوں کی
اور زہر نکالو سانپوں کا

ریحانہ شبیر

 

غلام مرتضی راہی

یوم پیدائش 23 مارچ 1937

نایاب چیز کون سی بازار میں نہیں
لیکن میں ان کے چند خریدار میں نہیں

چھو کر بلندیوں کو پلٹنا ہے اب مجھے
کھانے کو میرے گھاس بھی کہسار میں نہیں

آتا تھا جس کو دیکھ کے تصویر کا خیال
اب تو وہ کیل بھی مری دیوار میں نہیں

عرفان و آگہی کی یہ ہم کس ہوا میں ہیں
جنبش تک اس کے پردۂ اسرار میں نہیں

اگلا سا مجھ میں شوق شہادت نہیں اگر
پہلی سی کاٹ بھی تری تلوار میں نہیں

غلام مرتضی راہی



ڈاکٹر مختار شممیم

یوم پیدائش 23 مارچ 1944

صبح رنگین و جواں شام سہانی مانگے 
دل بیتاب کہ تیری ہی کہانی مانگے 

کوئی دیکھے یہ مرا عالم‌ جولانی طبع 
جس طرح آب رواں آپ روانی مانگے 

خوگر عیش نہیں فطرت شوریدہ‌ سراں 
غم و اندوہ طلب سوز نہانی مانگے 

دشت غربت میں ان آنکھوں کی نمی یاد آئے 
تشنہ لب جیسے کوئی صحرا سے پانی مانگے 

شومیٔ زیست کہ یہ آج زلیخا کی طرح 
کاسۂ عمر میں لمحات جوانی مانگے 

اپنے خوابوں پہ ہے شرمندہ شب غم دیدہ 
صبح معصوم اسی شب کی کہانی مانگے 

غنچۂ شوق شمیمؔ آج کھلا ہے شاید 
دل وحشت زدہ خوننابہ نشانی مانگے

 ڈاکٹر مختار شممیم





فیاض حسین شاہ

یوم پیدائش 22 مارچ

ایسا نہیں کہ حیلے بہانے بناؤں گا
کشتی نہ بن سکی تو میں تنکے بناؤں گا

اک روز میں بناؤں گا دونوں جہاں میں ربط
اور موت کے علاوہ بھی رستے بناؤں گا

یہ دیکھ میرے ہاتھوں کی پامال انگلیاں
پردیس آ کے سوچا تھا پیسے بناؤں گا

اک تیری کائنات ہے اک میری کائنات
گر ہوسکا تو ان میں دریچے بناؤں گا

اک روز میں بناؤں گا کاغذ کی تتلیاں
اور سات آٹھ پھول بھی نیلے بناؤں گا

پہلے بناؤں گا کسی کاغذ پہ اپنی آنکھ
پھر اس میں تیرے خواب کے ریشے بناؤں گا

فیاض حسین شاہ


 

Saturday, April 8, 2023

آصفہ رومانی

یوم پیدائش 22 مارچ 1945

گھر کو کیسا بھی تم سجا رکھنا 
کہیں غم کا بھی داخلہ رکھنا 

گر کسی کو سمجھنا اپنا تم 
دھوکہ کھانے کا حوصلہ رکھنا 

اتنی قربت کسی سے مت رکھو 
کچھ ضروری ہے فاصلہ رکھنا 

ان کی ہر بات میٹھی ہوتی ہے 
جھوٹی باتوں کا مت گلہ رکھنا 

زندگی ایک بار ملتی ہے 
اس کو جینے کا حوصلہ رکھنا 

ناامیدی کو کفر کہتے ہیں 
رب سے امید آصفہؔ رکھنا 

آصفہ رومانی


 

نصرت عتیق

یوم پیدائش 22 مارچ 1975

یہ اور بات ہے کہ سہارا نہیں بنے 
لیکن کسی کی راہ کا کانٹا نہیں بنے 

یاروں کے ہم نے عیب چھپائے ہیں بارہا 
ان کو بچایا خود بھی تماشہ نہیں بنے 

دشوار راستوں کا انہیں تجربہ نہیں 
منزل جو لوگ بن گئے رستا نہیں بنے 

انسان ہی تو بن نہیں پائے جو اہم تھا 
ویسے تو لوگ بننے کو کیا کیا نہیں بنے 

تم سے بڑی امید لگا رکھی تھی مگر 
تم بھی تو میرے حق میں مسیحا نہیں بنے 

نصرتؔ وہ ہم سے اس لیے ناراض ہیں کہ ہم 
ان کی بلائی بھیڑ کا حصہ نہیں بنے 

نصرت عتیق


 

شمشاد شاد

یوم پیدائش 21 مارچ 1963

اللہ کرے درد ترا سب پہ عیاں ہو
اے دشمنِ جاں تیرے جگر کا بھی زیاں ہو

حاوی ترے اعصاب پہ ہو عشق کا آسیب
اطراف مرے ہونے کا تجھ کو بھی گماں ہو

کیا میں ہی ترے ہجر میں روتا رہوں پہیم
چشمہ تری آنکھوں سے بھی اشکوں کا رواں ہو

غافل نہ رہوں ظلم وستم سے کبھی تیرے
شعروں میں مرے تیری جفاؤں کا بیاں ہو

اک دوجے کے بن حال یہ ہو جائے ہمارا
جینا تو الگ بات ہے مرنا بھی گراں ہو

مرکوز مری آنکھ رہے چہرے پہ تیرے
تو ساتھ ہو جب روح نکلنے کا سماں ہو

ہیں شہرِ خموشاں میں بھی ہنگامے بہت شاد
لے چل مجھے اس جا کہ جہاں امن و اماں ہو

شمشاد شاد

 

 

مبارک علی انمول

یوم پیدائش 21 مارچ 1992

تجھ سے ملنا محال ہے پھر بھی
دل میں تیرا خیال ہے پھر بھی

ہم پہ آئے نہ کیوں زوال مگر
عشق تو لازوال ہے پھر بھی

جانتا ہوں کوئی جواب نہیں
ان لبوں پر سوال ہے پھر بھی

آنکھ روتی ہے خون کے آنسو
دل کے اندر ملال ہے پھر بھی

مبارک علی انمول


 

محمد دین تاثر

 یوم پیدائش 28 فروری 1902 غیر کے خط میں مجھے ان کے پیام آتے ہیں کوئی مانے کہ نہ مانے مرے نام آتے ہیں عافیت کوش مسافر جنھیں منزل سمجھیں عشق...